دیشمکھ کی ضمانت پر سپریم کورٹ کی مہر، ای ڈی کی عرضی خارج

نئی دہلی، اکتوبر ۔ سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کیس میں مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کو ضمانت دینے کے بمبئی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست منگل کو خارج کردی۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔بنچ نے تاہم واضح کیا کہ چونکہ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں صرف اس حقیقت پر غور کیا کہ آیا دیشمکھ ضمانت کے حقدار ہیں یا نہیں۔ اس لیے ہائی کورٹ کے حکم کا ای ڈی کے ٹرائل یا کسی اور کارروائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔بنچ نے کہا، ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ وہ مقدمے کے میرٹ یا کسی اور کارروائی کو متاثر نہیں کریں گے۔مسٹر دیشمکھ اور ان کے کئی ساتھیوں کے خلاف 2019-21 کے دوران مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایڈوکیٹ ڈاکٹر جے شری پاٹل کی شکایت پر ابتدائی تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر سی بی آئی نے دیشمکھ اور نامعلوم دیگر افراد کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ اس سی بی آئی ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی نے بعد میں دیشمکھ کے خلاف پی ایم ایل اے کیس درج کیا۔ انہیں نومبر 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بامبے ہائی کورٹ نے 4 اکتوبر کو تقریباً ایک سال سے جیل میں بند نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر مسٹر دیشمکھ کو ضمانت دی تھی ۔

 

Related Articles