دہشت گردی کے خطرے کا بلا تفریق انسداد ہو: جے شنکر

پنجی،  مئی . ہندوستان نے آج شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کو یاد دلایا کہ دہشت گردی علاقائی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور سرحد پارکی دہشت گردی سمیت اس برائی کو کسی بھی شکل میں جائز ٹھہرانے اور اس کو پالنے کی روایت کا بلا تفریق انسداد ہونا چاہیے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے آج گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا ہے اور اسے سرحد پار دہشت گردی اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں روکا جانا چاہیے۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وہاں موجود تھے اور وہ ڈاکٹر جے شنکر کی بات غور سے سن رہے تھے۔ڈاکٹر جے شنکر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ باہمی رابطہ ترقی کی کلید ہے، لیکن اسے تمام رکن ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے افغانستان کے بارے میں بھی کہا کہ وہاں ابھرنے والی صورتحال ہماری توجہ کا مرکز ہے اور ہماری کوششیں افغان عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہونی چاہئیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے اسٹارٹ اپ اور اختراع اور روایتی ادویات پر دو نئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہندوستان کی تجویز کی تائید کی ہے۔اپنے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان شنگھائی تعاون تنظیم میں کثیر جہتی تعاون کے فروغ اور تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان امن، استحکام، اقتصادی ترقی، خوشحالی اور قریبی روابط کی مضبوطی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ رابطہ ترقی کی کلید ہے، اسے تمام رکن ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے ساتھ نافذ کیا جانا چاہیے۔

Related Articles