دور رس منصوبے تیار، ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بنے گا: گوئل

نئی دہلی، مارچ۔ تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی ترقی کے لیے ایسی اسکیمیں لے کر آئی ہے، جو مستقبل میں ہندوستان کو دنیا کی سب سے مضبوط اقتصادی طاقت بننے کے قابل بنائے گی۔جمعرات کو لوک سبھا میں مرکزی بجٹ 2022-23 کے لیے وزارت تجارت اور صنعت کے زیر کنٹرول گرانٹس کے مطالبات پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹرگوئل نے کہا کہ حکومت ہندوستان کی صنعت کو عالمی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ اس کے دور رس اہداف ہوں گے۔منصوبے بنائے گئے ہیں۔ حکومت کی یہ پالیسی نہیں کہ وقتی فائدے کے لیے مستقبل میں نقصان ہو۔ حکومت کا مقصد انفراسٹرکچر کو بہتر کر کے معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔مسٹرگوئل نے کہا کہ آج پوری دنیا سرمایہ کاری کے لیے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ہندوستان نے پچھلے پانچ سالوں میں سب سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھی ہے۔ کورونا کے دور میں بھی ملک میں زرمبادلہ کی کوئی کمی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے حالات پیدا کر رہی ہے جس سے سرمایہ کاری آئے گی، صنعتیں بھی پروان چڑھیں گی اور ایسے نوجوان صنعت کار تیار ہو رہے ہیں جو نوکری کے متلاشی نہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے والے بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سرمایہ کار ہندوستان میں کاروبار کرنے میں پر اعتماد نہیں تھے۔ برآمد کنندگان اور تاجروں کے ذہنوں میں بہت سے شکوک و شبہات تھے۔ لیکن اب ایسا نہیں ہے۔تجارت اور صنعت کے وزیر نے کہا کہ آج ہندوستان 30 لاکھ کروڑ کا برآمد کنندہ ملک ہے، جو اس سے بھی بڑا برآمد کنندہ بننے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’پردھان منتری گتی شکتی یوجنا‘ ملک کی اقتصادی ترقی کا ماسٹر پلان ہے۔ اس کے تحت 100 لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹوں پر کام کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنا کر معیشت کی ترقی کی راہیں تیار کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ عزم ہے کہ ترقی کی ہر اسکیم کا فائدہ سب کو بلا تفریق ملے۔ حکومت کا زور ملک کی متوازن ترقی اور صنعت کی بنیاد کو مضبوط بنانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی سوچ ہے کہ بڑی صنعتوں اور چھوٹی، مائیکرو اور میڈیم انڈسٹریز (ایم ایس ایم ای) کو ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خریداری میں شفافیت لانے اور آن لائن کاروبار میں آسانی لانے کے لیے حکومت نے ای-مارکیٹ پلیس بھی شروع کی ہے۔ تاجر اس میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں اور ایک سال کے اندر مختلف سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے ایک لاکھ کروڑ تک کا آن لائن کاروبار ہو چکا ہے۔مسٹر گوئل نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا کا تصور وزیر اعظم نریندر مودی نے چھ سال پہلے پیش کیا تھا اور آج ہندوستان کے نوجوان نئے آئیڈیاز لا کر اسٹارٹ اپس میں کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ ہندوستان دنیا میں اسٹارٹ اپ سیکٹر میں تیسرے نمبر پر ہے۔

 

Related Articles