دبئی حکومت نے ہریانہ کے ساتھ مفاہمت نامہ کو حتمی شکل دی
چنڈی گڑھ، اکتوبر۔ہریانہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اسے صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے مقصد سے، حکومت دبئی نے سرمایہ کاری کو فروغ دینے سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں تعاون کے لیے حکومت ہریانہ کے ساتھ ایک مفاہمت نامے کو حتمی شکل دی ہے۔ ان سرگرمیوں میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ، صنعتی پارکس، آئی ٹی پارکس، کثیر المقاصد ٹاورز، مکسڈ یوز ٹاون شپ ، اختراعی مراکز اور لاجسٹکس سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔حکومت ہریانہ اپنی موجودہ پالیسیوں کے مطابق حکومت دبئی کی کسی بھی یا سبھی سرمایہ کاری کے سلسلے میں مالی طور پر حوصلہ افزائی اور دیگر فوائد فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔اس مفاہمت نامے سے ہریانہ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور دبئی اور ہریانہ کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مضبوط ہونے کی امید ہے۔