خاتون نے اپنے بچوں کی بے دردی سے پٹائی کی: ویمن کمیشن کا پولیس کو نوٹس

نئی دہلی، نومبر۔ دہلی ویمن کمیشن نے بچوں کو بے دردی سے پیٹنے والی خاتون کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو خاتون کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ویمن کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نےبتایاکہ میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس بربریت کو دیکھ کر سخت مایوس ہوں جس کے ساتھ ایک خاتون اپنے ہی چھوٹے بچوں کو مار رہی ہے۔ ان بچوں کا کیا ہوگا؟ بچوں کے ساتھ ایسا ظالمانہ سلوک کسی بھی صورت درست نہیں۔ یہ بچوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کو ظاہر کرتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ دہلی پولیس اس معاملے میں سخت کارروائی کرے گی اور جلد از جلد بچوں کے تحفظ اور بہبود کو یقینی بنائے گی۔سی سی ٹی وی فوٹیج کی ویڈیو خاتون کے شوہر نے کمیشن کو دی، اس ویڈیو میں اس کی بیوی اپنے آٹھ سالہ اور دو سال کے معصوم بچوں کو بے دردی سے پیٹ رہی ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کی 57 سالہ ساس بچوں کو مار پیٹ سے بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے شوہر نے کمیشن کو ایک اور ویڈیو بھی دی ہے جس میں اس کی بیوی اس کی ماں کو گالیاں دیتی نظر آرہی ہے۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ اس کی بیوی نے ایک نہیں بلکہ کئی بار اس کی ماں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔کمیشن کی ٹیم نے متاثرہ خاتون کے نابالغ بچوں سے بھی بات چیت کی اور بچوں نے تصدیق کی کہ ان کی ماں انہیں بے دردی سے مارتی تھی۔ کمسن بچوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے پرتشدد رویے سے کمیشن پریشان ہوا اور ان کی حفاظت کے لیے کمیشن نے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔کمیشن نے دہلی پولیس کو اس معاملے میں فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے اور خاتون ملزمہ کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ کمیشن نے بڑا ہندو راؤ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سے بچوں کی بہبود کمیٹی کے سامنے بچوں کو پیش کرنے اور 8 نومبر تک دہلی پولیس سے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

 

Related Articles