جے ڈی ایس کے سابق ایم ایل اے شیولنگے گوڑا کانگریس میں شامل
ارسیکیرے، اپریل ۔ کرناٹک میں 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جنتا دل (سیکولر) کو ایک بڑا جھٹکا دیتے ہوئے سابق ایم ایل اے شیولنگے گوڑا اتوار کو کانگریس میں شامل ہو گئے۔انہوں نے سابق وزیر اعلی اور لیجسلیچر پارٹی لیڈر سدارامیا اور کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کی موجودگی میں ہاسن ضلع کے آرسیکیرے میں ایک میگا ریلی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ایک سال سے زیادہ عرصے تک جے ڈی ایس کی سرگرمیوں سے خود کو دور رکھنے کے بعد مسٹر گوڑا نے 2 اپریل کو جے ڈی ایس ایم ایل اے کی حیثیت سے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔مسٹر گوڑا کا کانگریس پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ ان کی شمولیت سے ہاسن ضلع میں سب سے پرانی پارٹی مضبوط ہوئی ہے۔مسٹر سدارامیا اور شیوکمار جیسے کانگریس کے سرکردہ لیڈر گزشتہ ایک دہائی سے گوڑا کو پارٹی میں لانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن وہ لوگوں کی نبض کو سمجھ کر پارٹی میں شامل ہوئے۔مسٹر شیوکمار نے کہا، گزشتہ 10 برسوں سے مسٹر سدارامیا اور میں مسٹر گوڑا کو پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لیکن آخر کار مسٹر گوڑا نے لوگوں کے جذبات کو سمجھا اور پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اس سے ضلع ہاسن میں پارٹی مضبوط ہوگی۔مسٹر گوڑا ہاسن ضلع سے مستعفی ہونے والے جے ڈی (ایس) کے دوسرے ایم ایل اے ہیں۔ ان سے پہلے آرکل گڈ کے ایم ایل اے اے ٹی رامسوامی نے پارٹی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2018 کے انتخابات میں جے ڈی (ایس) نے ہاسن ضلع میں سات میں سے چھ سیٹیں جیتیں۔ بی جے پی کے پریتم گوڑا ہاسن حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔جے ڈی (ایس) نے 93 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے اور دوسری فہرست جاری کرنے سے پہلے کانگریس اور بی جے پی کے اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کا انتظار کیا جارہا ہے۔