جے شنکر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کادورہ کریں گے

نئی دہلی، اکتوبر ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر 5 سے 11 اکتوبرتک مجوزہ اپنے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے کے دوران وہاں ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔وزارت خارجہ کے مطابق ڈاکٹر جے شنکر آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ نانانیا مہوتا سے ملاقات کریں گے اورہندوستان و نیوزی لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیں گے۔ وزیر خارجہ کے طور پر ڈاکٹر جے شنکر کا نیوزی لینڈ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وہ6 اکتوبرکوآکلینڈ میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ساتھ ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں کو ان کی شراکت اور غیر معمولی حصولیابیوں کے لیے اعزازات سے نوازے جانے والے ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر، دونوں رہنما نیوزی لینڈ میں ہندوستان کی آزادی کا امرت کا تہوار منانے اور اس موقع پرانڈیا ایٹ دی ریٹ 75 ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر جے شنکر کتاب ‘مودی ایٹ دی ریٹ 20: ڈریمز میٹ ڈیلیوری’ کا اجراء کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ سکھ برادری سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خصوصی لگاؤ ​​کو ظاہر کرنے والی کتاب ‘ہارٹ فیلٹ – دی لیگیسی آف فیتھ’ بھی جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جے شنکر کئی وزراء سے بھی بات چیت کریں گے، جن میں پرینکا رادھا کرشنن بھی شامل ہیں، جو نیوزی لینڈ میں وزیر بننے والی ہندوستانی نژاد پہلی شخصیت ہیں۔ وزیر خارجہ نیوزی لینڈ کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجروں کے علاوہ ہندوستانی طلباء اور بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ ویلنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانے کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کریں گے۔نیوزی لینڈ کے بعد ڈاکٹر جے شنکر آسٹریلیا میں سڈنی اور کینبرا جائیں گے۔ ڈاکٹر جے شنکر کا اس سال آسٹریلیا کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ گزشتہ فروری کو میلبورن میں کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیےگئے تھے۔ وزیر خارجہ آسٹریلیا میں اپنے ہم منصب پینی وونگ کے ساتھ 13ویں وزرائے خارجہ کی میٹنگ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ڈاکٹر جے شنکر آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع رچرڈ مارلس سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ سڈنی میں لوئی انسٹی ٹیوٹ، آسٹریلوی بحریہ کے عہدیداروں کے علاوہ میڈیا اورتھنک ٹینکس کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

 

Related Articles