جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں لالو پرساد کی ضمانت عرضی پر اب 11 مارچ کوہوگی سماعت

رانچی، مارچ۔ اربوں روپے کے چارہ گھوٹالہ میں ڈورانڈا خزانے سے 139.35 کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں مجرم قرار دیے گئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادوکی ضمانت عرضی پر جمعہ کو ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ لالو پرساد یادو کی اپیل اور ضمانت کی عرضی ہائی کورٹ کے جج جسٹس اپریش کمار سنگھ کی عدالت میں سماعت کے لیے درج تھی۔ سماعت کے دوران عدالت نے درخواست میں خامی دور کرنے کی ہدایت دی۔ اب اس معاملے کی سماعت آئندہ ہفتے 11 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔ڈورانڈا ٹریژری کیس میں لالو پرساد کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 5 سال کی سزا سنائی ہے اور 60 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا ہے۔ اس کے خلاف لالو پرساد نے ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ لالو پرساد کے وکیل نے ان کی عمر، 17 اقسام کی بیماریوں اور چارہ گھوٹالہ کے دیگر معاملات میں آدھی سے زیادہ سزا پوری کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ فی الحال لالو پرساد کو صحت کی خرابی کی وجہ سے ریمس کے پیئنگ وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں سات سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ چارہ گھوٹالے سے متعلق معاملے کی سماعت ہر ہفتہ جمعہ کو ہی ہوتی ہے، ایسے میں اگر 11 مارچ کو ہونے والی سماعت میں انہیں راحت نہیں ملتی ہے، تو اس بار بھی لالو پرساد کو ہولی کا تہوار جیل میں ہی منانا ہوگا۔

Related Articles