جگدیپ دھنکھر نے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا
نئی دہلی، اگست۔مسٹر جگدیپ دھنکھر نے جمعرات کو ملک کے چودہویں نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔مغربی بنگال کے سابق گورنر دھنکھر کو صدر مرمو دروپدی نے راشٹرپتی بھون میں حلف برداری کی تقریب میں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔حلف لینے سے پہلے مسٹر دھنکھر نے صبح راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر دھنکھر نے اپنی ابتدائی تعلیم کیتھانہ گاؤں کے سرکاری پرائمری اسکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ مڈل اسکول، گھردھانا اور سینک اسکول، چتور گڑھ میں تعلیم حاصل کی۔ اپنی کالج کی تعلیم کے لیے مسٹر دھنکھر نے مہاراجہ کالج جے پور میں داخلہ لیا اور بی ایس سی (آنرز) فزکس کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد انہوں نے راجستھان یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز بطور وکیل کیا۔مسٹر دھنکھر 1989 میں جھنجھنو پارلیمانی حلقہ سے پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد وہ 1990 میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت بھی رہے۔ مسٹر دھنکھر کو جولائی 2019 میں مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔