جموں وکشمیر کے حالات کافی بہتر، ہڑتال اورپتھراو قصہ پارینہ : پولیس سربراہ

جموں ، دسمبر۔ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بدھ کے روز کہاکہ یوٹی میں اس وقت امن و امان کا ماحول ہے اور کسی کو بھی پُر امن حالات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔موصوف ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز پونچھ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے حالات کافی بہتر ہوئے اور مزید بہتر ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔اُن کے مطابق ہمسایہ ملک جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے تاہم سیکورٹی ایجنسیوں نے امسال متعدد منصوبوں کو ناکام بنایا۔ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے اس کے لئے زمینی سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی طرف سے کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو اس کو بھی پوری طرح سے یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن واپس لوٹ آیا ہے اور کسی کو بھی پُر امن حالات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اُن کے مطابق تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں ہڑتال ، بنداور پتھر بازی کے واقعات اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں کیونکہ اب عوام کو بھی احساس ہو چکا ہے کہ اُن کے لئے کیا بہتر ہےپولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ نوجوان اب اپنے مستقبل کی فکر میں لگے ہوئے ہیں اور وہ اپنی توجہ تعلیم کی طرف مرکوز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جموں وکشمیر میں اپنے منصوبوں کو پھر سے عملانے کی خاطرکوششوں میں مصروف ہے تاہم سیکورٹی ایجنسیاں ملک دشمن عناصر پر خصوصی نظر گزر رکھ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا :’ پاکستان ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے لیکن سرحدوں پر تعینات افواج نے ہمسایہ ملک کے منصوبوں کو ناکا بنایا ہے‘۔دلباغ سنگھ کے مطابق پونچھ اور راجوری اضلاع چونکہ پاکستانی سرحد کے نزدیک آباد ہیں لہذا پاکستان یہاں پر ملی ٹینسی کو پھر سے زندہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے امسال دراندازی کے ذریعے ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی متعدد بار کوششیں کیں جن کو ناکام بنایا گیا یا پھر جو درانداز اس طرف آئے اُنہیں تصادم آرائیوں کے دوران مار گرایا گیا۔

Related Articles