جموں وکشمیر:کٹھوعہ سے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز، سنجے راوت کی شرکت
جموں، جنوری۔ جموں و کشمیر میں برف و باراں کے بیچ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ ضلع کٹھوعہ کے ہٹلی موڑ سے اپنے سفر کے 125 ویں دن دوبارہ شروع ہوئی۔راہل گاندھی نے سردی سے بچنے کے لئے سفید ٹی شرٹ پر سیاہ برساتی کوٹ پہن رکھا ہے اور خراب موسمی حالات کے باعث یاترا دیر سے شروع ہوئی۔یہ یاترا سال گذشتہ کے 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی اور جمعرات کی شام پنجاب سے جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور یہ یاترا 30 جنوری کو سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں اختتام پذیر ہوگی۔شیو سینا (اودھے ٹھاکرے) کے رکن پارلیمان سنجے راوت نے بھی راہل گاندھی کے ساتھ مل کر یاترا میں حصہ لیا۔نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جمعرات کو ہی کٹھوعہ پہنچے اور یاترا میں شرکت کی اور لوگوں سے خطاب بھی کیا۔جموں وکشمیر کانگریس یونٹ کے صدر وقار رسول، غلام احمد میر اور کئی کانگریس لیڈران یاترا میں راہل گاندھی کے ہمراہ ہیں۔جموں وکشمیر انتظامیہ نے یاترا کے لئے سیکورٹی کا بھر پور بندوبست کیا ہے۔