تعمیراتی مقامات پر ضوابط کی خلاف ورزی کے لئے پانچ لاکھ تک جرمانہ: گوپال رائے

نئی دہلی، اکتوبر۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے جمعرات کو کہا کہ دہلی میں آج سے 6 نومبر تک اینٹی ڈسٹ مہم شروع کی گئی ہے اورتعمیراتی مقامات پرضوابط کی خلاف ورزی کے لئے 10000 روپے سے 5 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔مسٹر رائے نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ موسم سرما میں دہلی کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے 30 ستمبر کو ونٹرایکشن پلان کا اعلان کیا ہے، جس کی بنیاد پر متعلقہ محکموں نے اسے زمین پر نافذ کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ ہم نے گرین وار روم لانچ کیا ہے جہاں سے اس کی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اینٹی ڈسٹ مہم کے لیے 586 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 12 متعلقہ محکموں کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس میں ڈی پی سی سی کی 33 ٹیمیں، محکمہ ریونیو کی 165، ایم سی ڈی کی 300 ، ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کی 20، دہلی جل بورڈ کی 14، ڈی ڈی اے کی 33، دہلی میٹرو کی 3، سی پی ڈبلیو ڈی کی 6، پی ڈبلیو ڈی کی 6،این ڈی ایم سی کی 1، دہلی کنٹونمنٹ بورڈ کی 4 اور این ایچ اے آئی کی 1 ٹیم شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیمیں مسلسل تعمیراتی مقامات کا دورہ کریں گی، یہ یقینی بنائیں گی کہ وہاں تعمیرات سے متعلق رہنما خطوط پر عمل کیا جائے۔ تعمیراتی مقامات پر 14 نکاتی ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے جس کے لیے اینٹی ڈسٹ مہم شروع کی گئی ہے جو 6 نومبر تک جاری رہے گی۔وزیر ماحولیات نے کہا کہ جوبھی سائٹ ڈسٹ کنٹرول ضوابط کی پیروی نہیں کرے گی اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تعمیراتی سائٹس پر ضوابط کی خلاف ورزی پر این جی ٹی کے رہنما خطوط کے مطابق، 10 ہزار سے 5 لاکھ تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں اس سے زیادہ روپے تک جرمانہ ہو گا۔ اگر مزید خلاف ورزی ہوئی تو تعمیراتی سائٹ بند کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 500 مربع میٹر اور اس سے اوپر کے تمام تعمیرات/مسماری کے منصوبے ای اینڈ ڈی پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے ضروری ہیں۔ رجسٹریشن کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں تعمیرات / انہدام کے کام میں کوئی بے ضابطگی نظر آتی ہے تو وہ گرین دہلی ایپ پر شکایت کریں۔

Related Articles