ترنمول کانگریس کے شہید دیوس ریلی میں جی ایس ٹی کے خلاف انوکھے انداز میں احتجاج

کلکتہ,جولائی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دو سال کے وقفے سے منعقد ہونے والے ترنمول کانگریس کے ”شہید دیوس“ کے پروگرام میں اس سال کافی جو ش و خروش دیکھا گیا تھا اور ممتا بنرجی کے تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد یہ پہلی بڑی عوامی ریلی تھی۔اس موقع پر ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی عام لوگوں کے منھ سے نوالہ چھیننے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت سے بی جے پی کو بے دخل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا پر جی ایس ٹی کے نفاذ سے عام غریب لوگوں کے منھ سے نوالہ چھین جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2024میں اپوزیشن جماعتیں ایک ساتھ آنے کو تیار ہیں اور بی جے پی کو بہر صورت اقتدار میں آنے سے روکا جائے گا۔ شہید دیوس کے پروگرام میں جی ایس ٹی کے خلاف علامتی احتجاج بھی کیا گیا۔موڑھی پر جی ایس ٹی کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ جب موڑھی جو ایک عام غریب لوگوں کا کھانا ہے اس پر بھی5فیصد جی ایس ٹی نافذ کردیا گیا۔ترنمول کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ موڑھی پر جی ایس ٹی، میٹھے پر جی ایس ٹی، دہی پر جی ایس ٹی، لسی پر جی ایس ٹی، نکولدانہ پر جی ایس ٹی، بتاسہ پر جی ایس ٹی، بی جے پی موری نہیں کھائے گی؟ لوگ کیا کھائیں گے؟ ہم کیا کھائیں گے؟ لوگ کیا کھائیں گے؟بی جے پی کو جانا ہی ہوگا۔ ترنمو ل کانگریس کے شہید دیوس کے لئے کل بدھ سے ہی شہر میں ریاست کے مختلف حصوں سے آنے والوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔آج دوپہر میں نصف گھنٹے کی بارش کے باوجود بڑی تعداد میں دھرم تلہ میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو شدید بارش کی وارننگ جاری کی تھی۔مگر نصف گھنٹے کے بارش کے بعد موسم ٹھیک ہوگیا۔

Related Articles