بی جے پی نے مکل رائے کی اسمبلی کی رکنیت برخاست کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا
کلکتہ ،فروری۔بی جے پی نے مکل رائے پر مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے حالیہ فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ بی جے پی نے دل بدلو قانون کے تحت مکل رائے کی اسمبلی کی رکنیت برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اسپیکر نے مکل رائے کے خلاف بی جے پی کی عرضی کوخارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکل رائے اب بھی بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔اسپیکر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے بی جے پی نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی بنچ نے مدعی کو کلکتہ ہائی کورٹ واپس جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کو ایک مہینے میں اس کیس کی سماعت مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔سپریم کورٹ نے مکل رائے کے اسمبلی کے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیرمین اور اسمبلی کی رکنیت کو ردو کرنے سے متعلق دونوں عرضی کو ایک ساتھ سماعت کرنے کی ہدایت دی ہے۔مکل رائے گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر کرشنا نگر شمال سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔تاہم وہ جون میں ترنمول کانگریس میں واپس آگئے۔اس کے بعد بی جے پی نے دل بدلو قانون کے تحت مکل رائے کی اسمبلی کی رکنیت خارج کرنے کی اپیل کی۔تاہم اس ماہ کے شروع میں اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے اسپیکر بیمان بنرجی نے کہاکہ مکل رائے اب بھی بی جے پی میں ہیں۔ اس لیے ان کے اسمبلی کی رکنیت کو برخاست ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دوسری طرف مکل رائے کو بھی پی ایس سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ بی جے پی نے سوال کیا کہ مکل رائے کو پی ایس سی کا چیئرمین کس بنیاد پر بنایا گیا؟