بی جے پی شام تک امیدواروں کی فہرست جاری کر سکتی ہے: یدی یورپا
نئی دہلی، اپریل ۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر بی ایس یدی یورپا نے پیر کو کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شام تک 180 سے زیادہ سیٹوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔مسٹر یدی یورپا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا ’’شاید آج وہ (بی جے پی قیادت) 170 سے 180 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے والی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ باقی ناموں کو بعد میں دوسرے دور کے بعد جاری کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چند ایم ایل اے کو چھوڑ کر تقریباً تمام موجودہ ایم ایل اے کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ بی جے پی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے کل دو گھنٹے سے زیادہ میٹنگ کی اور امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی۔واضح ر ہے کہ امیدواروں کی فہرست جاری کرنے سے پہلے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر آخری دور کی میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی، مسٹر یدیورپا، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اور دیگر اعلیٰ لیڈران شرکت کریں گے۔