بھدوہی:درگاپنڈال میں آتشزدگی،5کی موت،18زخمی

بھدوہی:اکتوبر۔اترپردیش کے ضلع بھدوہی کے اورائی تھانہ علاقے کے نرتھوا پوکھرا کے نزدیک سجائے گئے درگاپوجا پنڈال میں گذشتہ رات آرتی کے دوران لگی آگ میں جھلسنے سے اب تک پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ 68افراد جھلس گئے ان میں سے 18کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ضلع انتظامیہ نے پیر کو بتایا کہ زخمیوں کا اعلاج بھدوہی، پریاگ راج و وارانسی کے ٹراما سنٹر میں چل رہا ہے۔ اس درمیان اورائی پولیس نے آج درگا پوجا کنوینر سمیتی کے صدر پردیپ کمار عرف بچا یادو و سمیتی کے دیگر عہدیداروں کے خلاف الیکٹرسٹی ایکٹ اور پینل کوڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پوجا کمیٹیو سے بجلی اور آتشزدگی کے سیفٹی میعارات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔اس کے علاوہ حادثے کی جانچ کے لئے بھدوہی ڈی ایم نے چار رکنی ایس آئی ٹی ٹیم کی تشکیل کی ہے۔ اس درمیان آتشزدگی کے بعد مچی افراتفری میں ایک کنبہ لاپتہ بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق آرتی شامل ہوئے مقامی افراد اجئے چورسیا کا کنبہ لاپتہ ہے۔ جس میں بیوی کرن چورسیا، بیٹی شردھا چورسیا و ان کا 11سالہ بیٹا لاپتہ ہے۔ اجئے کل سے ہی اپنے کنبے کی تلاش کررہے ہیں لیکن کہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا ہے۔پیر کو الہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شمیم احمد نے بھدوہی کے جوڈیشیل افسران کے ساتھ اندرا مل واقع اسپتال میں شدید طور سے جھلسے عقیدت مندوں سے ملاقات کی۔قابل ذکر ہے کہ اورائی تھانے سے چند قدم کی دوری پر تھرما کول اور پلاسٹک سے غار نما بنائے گئے تقریبا 100فٹ لمبے اس درگا پوجا پنڈال میں آگ اس وقت لگی جب ایک تہذیبی پروگرام چل رہا تھا۔تبھی ایک ہیلوجن لائٹ کی گرمی سے آگ لگ گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے کئی خواتین پوجا۔ پنڈال کے نزدیک موجود تالاب میں کود گئیں۔افراتفری میں کئی عقیدت مند زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایم گورانگ راٹھی، ایس پی ڈاکٹر انل کمار سمیت بھاری تعداد میں پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی تھی۔ لوگوں میں اس بات کی ناراضگی ہے کہ تھانے سے چند قدم کی دوری پر موجود پولیس وقت پر نہیں پہنچی تھی۔

Related Articles