بکرو معاملہ: خوشی دوبے کی درخواست ضمانت پر یوپی حکومت کو نوٹس
نئی دہلی ، ستمبر , سپریم کورٹ نے بدھ کے روز اتر پردیش کے بکرو سانحہ کے ملزم امر دوبے کی نابالغ بیوی خوشی دوبے کی درخواست پر اتر پردیش حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔جسٹس ایس عبدالنذیر اور جسٹس کرشنا مراری کی ڈویژن بنچ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف خوشی دوبے کی اپیل پر ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل وویک تنکھا نے کہا کہ اس معاملہ کی جلد سماعت ہونی چاہیے کیونکہ ان کی موکل گزشتہ ایک سال سے جیل میں ہے۔بنچ نے کہا ’’ہم دیکھیں گے ، پہلے نوٹس سرو ہوجائے ، ہم اسے جلد سنیں گے‘‘۔مسٹر تنکھا نے بنچ کو بتایا کہ گرفتاری کے وقت 17 سال 10 ماہ کی عمر کی خوشی دوبے کی گرفتاری سے سات دن پہلے شادی ہوئی تھی۔الہ آباد ہائیکورٹ نے خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے خوشی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی جسے عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا گیا ہے۔خیال رہے ضلع کانپور کا بکرو گاؤں اس وقت روشنی میں آیا تھا جب گینگسٹر وکاس دوبے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 2 جولائی 2020 کی رات آٹھ پولیس اہلکاروں کو قتل کیا۔ قتل کے بعد اترپردیش ایس ٹی ایف نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر وکاس دوبے اور اس کے پانچ ساتھیوں کو الگ الگ مقابلوں میں ہلاک کر دیا تھا۔