بڈگام میں بھی عوامی جگہوں پر فیس ماسک لگانا لازمی
سری نگر،جولائی ۔کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ بڈگام نے بھی عوامی جگہوں پر لوگوں کے فیس ماسک لگانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بڈگام شہباز احمد مرزا کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ گذشتہ چند روز سے کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ درج ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کہا: ’موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ کورونا گائیڈ لائنز پر ایک بار پھر سختی سے عمل در آمد کیا جائے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جائے‘۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ اس ضمن میں ضلع بھر کے عوامی مقامات پر لوگوں کا فیس ماسک لگانا لازمی ہے۔ حکمنامے میں تمام ضلع و سیکٹوریل افسروں سے تاکید کی گئی کہ وہ اپنے اپنے دفتروں میں تمام افسروں اور ملازموں کے فیس ماسک لگانے کو یقینی بنائیں۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ کئی روز سے کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین نے لوگوں سے گھبرانے کے بجائے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل در آمد کرنے کی تاکید کی ہے۔