بچپن کی شادی اور جہیز کی بیخ کنی کا کریں عزم:یوگی
گورکھپور:نومبر۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو عوام سے بچپن کی شادی اور جہیز کی بیخ کنی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادی کا حصہ بن کر ہر شخص سماج کی ایک مہلک روایت کو ختم کرنے میں اپنی شراکت داری کرنی چاہئے۔گورکھپور میں مکھیہ منتری ساموہیک وواہ یوجنا کے تحت منعقد اجتماعی شادی تقریب میں یوگی شرکت کرنے پہنچے تھے۔اس موقع پر انہوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے والے 1000ہزار جوڑوں کو نیک تمناؤں سے نوازہ۔ملحوظ رہے کہ یوپی میں اجتماعی شادی اسکیم کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا تاکہ معاشی طور سے کمزور بیٹیوں کا پورے احترام کے ساتھ شادی کا انعقاد ہوسکے۔اس اسکیم کے تحت پہلے 31ہزار روپئے دئیے جاتے تھے بعد میں اسے بڑھا کر 51ہزار روپئے کردیا گیا۔ابھی تک تقریبا 2لاکھ جوڑے اس اسکیم کے تحت شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ڈبل انجن کی حکومت سماج کے ہر طبقے اور ہرشخص کی فلاح و بہبود کے لئے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کررہی ہے۔وزیر اعظم کے ذریعہ سال 2014 میں دیا گیا سب کا ساتھ سب کا وکاس منتر آج ریاست میں دکھائی دے رہا ہے۔یوگی نے کہا کہ اس وقت ریاست کی تقریبا ایک کروڑ کنبوں کو اولڈ ایج،معذور ی کا فائدہ مل رہا ہے۔اور تقریبا 15کروڑ افراد وفا کے بعد سے ہی مفت راشن کا فائدہ لے رہے ہیں۔