بنگال کے گورنر کے غیر ضروری ٹوئیٹ سے حکمراں جماعت کے تئیں عوامی ہمدردی پیدا ہورہی ہے: برطرف بی جے پی لیڈر جے پرکاش مجمدار
کلکتہ،فروری۔مغربی بنگال گورنر اور ممتا حکومت کے درمیان جاری تنازع کی آنچ اب خود بنگال بی جے پی تک پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی کے برطرف لیڈر جے پرکاش مجمدار نےدعویٰ کیا ہے کہ گورنر کے غیر ضروری بیانات اور ٹوئیٹ کی وجہ سے بنگال حکومت کو فائد ہ پہنچ رہا ہے اور حکومت کے تئیں عوام میں ہمدردی پیدا ہورہی ہے۔ریاستی قیادت کے خلاف بیان بازی اور اقدمات کی مخالفت کرنے کی وجہ سے جے پرکاش مجمدار کو پارٹی نے برطرف کردیا ہے۔جے پرکاش مجمدارنے ٹوئیٹ کرکے سوال کیا کہ کیا ریاستی حکومت اور گورنر کے درمیان جاری تنازع سے بنگال کو فائدہ ہورہا ہے۔خیال رہے کہ جمعرات کو نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں ایڈمنسٹریٹیو میٹنگ کے دوران مشرقی مدنی پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امرناتھ کے تئیں ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ان سے سوال کیا کہ وہ کسی دبائو میں ہے۔انہوں نے گورنر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں پریشان کیا جارہا ہے تو وہ وزیر اعلیٰ کے دفتر کو براہ راست آگاہ کریں ۔جے پرکاش مجمدار نے اپنے ٹوئیٹ کو گورنر کو ٹیگ کرتے سوال کیا کہ آپ کے بار بار ٹوئیٹ کی وجہ سے عوام میں حکمراں جماعت کے تئیں ہمدردی پیدا ہورہی ہے۔اب تک اس تنازع میںبی جے پی گورنر کی کھلے عام حمایت کرتی رہی ہے۔مگر جے پرکاش مجمدار کے اس ٹوئیٹ نے ایک نیارخ اختیار کرلیا ہے