بنگال میں اضلاع کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا:ممتا بنرجی
کلکتہ ،اپریل۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ریاست میں آبادی کے لحاظ سے اضلاع کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت جلد ہی اس پر کام شروع کرے گی۔ ڈبلیو بی سی ایس افسران کی سالانہ جنرل میٹنگ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےکہاکہ میں آنے والے دنوں میں اضلاع کی تعداد بڑھانا چاہتی ہوں۔ لیکن افسران کی تعداد میں کافی قلت ہے اس راہ میں بڑی روکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے اضلاع کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ریاستی حکومت آنے والے دنوں میں 23 سے 48 اضلاع بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’خصوصی الاؤنسز کے معاملے میں اب آئی اے ایس اور ڈبلیو بی سی ایس افسران کے درمیان تضاد ہے۔ اب سے سب کو یکساں خصوصی الاؤنس ملے گا۔ کوئی امتیاز نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جوائنٹ سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدوں کی تعداد بڑھا ئی جارہی ہے۔ مستقبل میں ڈبلیو بی سی ایس افسران کو دفاتر کا سیکرٹری بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ مرکز پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز 100 دنوں کے کام کی ادائیگی نہیں کر رہا ہے۔ ریاستی پیسوں میں پنجے بھی لگائے جا رہے ہیں۔