اے پی اور تلنگانہ کے ہر فرد کیلئے زندگی بھر 24گھنٹے دستیاب ہوں:سونوسود
حیدرآباد,جنوری۔بالی ووڈ کے مشہور اداکار سونو سود نے تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ کا دورہ کیا۔ضلع کے چلمی تانڈہ میں ان کے ایک مداح کی جانب سے بنائی گئی ان کی مندرکو دیکھنے کے لئے وہ پہنچے جس پر ان کا استقبال قبائلی روایات کے مطابق کیاگیا۔ان کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگیا جس میں دکھایاگیا ہے کہ اداکار کھلی کار میں سوار ہیں اور ان کے مداح اس گاڑی کے اطراف چل رہے ہیں۔وہ مداحوں کے استقبال کا جواب ہاتھ ہلاکر دے رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسرت کا اظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ دو سال پہلے ان کے مداح نے ان کا مندر یہاں بنایاتھا۔اس لئے وہ انہیں پیار دینے والے ان گاوں والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے تھے۔آج ان کی آمد کے موقع پر گاوں والے جمع ہوگئے ہیں جس پر وہ ان سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ آندھرااور تلنگانہ کے ہر فرد کے لئے وہ زندگی بھر 24گھنٹے دستیاب رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب کبھی اس گاوں والوں کو زندگی میں کوئی مشکل آئے تو سونو سود ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔وہ اس گاوں سے کافی پیارکرتے ہیں اور وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ گاوں ان ہی کا ہے۔