ایک نریندر کا خواب دوسرے کی قیادت میں پورا ہو رہا ہے: شیوراج
اندور، جنوری ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ 100 سال پہلے ایک نریندر کی کہی ہوئی بات آج دوسرے کی قیادت میں پوری ہورہی ہے۔مسٹر چوہان نے یہ بات یہاں منعقد 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، گوانا کے صدر محمد عرفان علی، سورینام کے صدر چندریکا پرساد سنتوکھی، مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔اس دوران مسٹرچوہان نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے امرت کال میں مدھیہ پردیش میں امرت کی بارش ہو رہی ہے۔ اندور کے باشندوں نے غیرمقیم ہندوستانیوں کے لئے اپنے گھر کے دروازوں کے ساتھ ساتھ دل کے دروازے بھی کھولے دئے ہیں۔ کل 66 ممالک کے این آر آئیز نے گلوبل گارڈن میں پودے لگائے۔انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک وزیر اعظم مودی کے پیچھے کھڑا ہے۔ انہوں نے سوچھ بھارت کا منتر دیا، تو اندور نے صفائی کا چھکا لگایا۔ جب وزیر اعظم نے خود کفیل ہندوستان کا منتر دیا تو مدھیہ پردیش نے خود کفیل مدھیہ پردیش کا روڈ میپ بنالیا۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا منتر دیا، تو اس کے لیے ہم نے مدھیہ پردیش کو 550 بلین ڈالر کی معیشت بنانے کا روڈ میپ بنالیا۔مسٹرچوہان نے کہا کہ 100 سال پہلے ایک نریندر نے کہا تھا کہ مہانیشا کا خاتمہ قریب ہے، اندھے دیکھ نہیں سکتے، بہرے سن نہیں سکتے، لیکن میں دیکھ سکتا ہوں کہ بھارت ماتا وشوا گرو کے مقام پرفائز ہورہی ہیں۔ ایک نریندر نے جوبات کہی تھی، آج دوسرے نریندر کی قیادت میں یہ پوری ہورہی ہے۔ مسٹر مودی پوری دنیا کو وسودھیو کٹمبکم کے دھاگے میں باندھ رہے ہیں۔