ایک مہینے میں تیاریاں مکمل ہونے کے بعد ذات پر مبنی گنتی شروع ہوگی: نتیش
پٹنہ، جون۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست میں تمام مذاہب کی ذات اور ذیلی ذات کی مردم شماری میں ان کی معاشی حیثیت معلوم کرنے پر زور دیتے ہوئے آج واضح کیا کہ ایک ماہ میں تیاری مکمل ہونے کے بعد مردم شماری ہوگی۔ہفتہ کو یہاں اسمبلی احاطے میں زیر تعمیر ‘بہار ودھان سبھا بھون شتابدی میموریل استمبھ کا معائنہ کرنے کے بعد ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری سے متعلق نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ آل پارٹی میٹنگ کی بنیاد پر ہی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے متعلقہ محکمہ پوری تیاری کر رہا ہے۔ جن کو اس کام کی ذمہ داری دی جائے گی ان کی تربیت بھی کی جائے گی۔ ایک۔ایک ایک چیز پر تیاری شروع ہو گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی کام کو فوری شروع کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ ایک ماہ میں تیاری مکمل کر لی جائے گی۔ اس کے بعد ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کا کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ایک چیز کی گنتی ہوگی۔ ہر برادری کو چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، مکمل شمار کیا جائے گا اور یہ بھی جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ ان کی معاشی حالت کیا ہے۔ ہر خاندان کی گنتی بہت اچھے طریقے سے کی جائے گی۔ متفقہ فیصلہ کرلینے کے بعد ہی اس تناظر میں کام کیا جا رہا ہے۔ ہم اس حوالے سے فریقین کو وقتاً فوقتاً اطلاعات دیتے رہیں گے تاکہ اپنی طرف سے بھی اس کو دیکھتے رہیں گے اور جو مشورہ ہوگا وہ بھی دیں گے۔مسٹر نتیش کمار نے کہاکہ "ہم نے 1990 کے دوران ہی اس پر بات کی تھی، ہم چاہتے تھے کہ یہ بہت پہلے ہو جائے۔ اب ریاست میں ایسا کرنے کا فیصلہ کر کے کام کیا جا رہا ہے اور اس کا نتیجہ بہت اچھا نکلے گا۔ یہ سب کے حق میں ہے کسی کے خلاف نہیں۔ ہر کمیونٹی کے حق میں۔ اس کی بنیاد پر ہر ایک کو معلوم ہو جائے گا کہ ترقی کے لیے کیا کرنا ہے اور کیا تعاون کرنا ہے۔ ہر ذات کے لیے ہر مذہب کے لیے، ہر ایک کے لیے بہت اچھا کیا جائے گا۔اپوزیشن کی طرف سے رپورٹ کارڈ جاری کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کام کرنے والے لوگ ہیں، مہم چلانے والے نہیں۔ ہمیں نومبر 2005 سے کام کرنے کا موقع ملا، اس کے بعد کتنا کام ہوا؟ پہلے کیا تھا اور اب کیا ہے۔ ہمارا کوئی ردعمل نہیں ہے کسی بھی پارٹی کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔ بہار میں صحیح معنوں میں کیا کام ہوا ہے، آپ دیکھیں اور لوگوں کو بتائیں۔جموں و کشمیر میں ایک بہاری مزدور کے قتل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کی طرف سے جو بھی ممکن ہو رہا ہے۔ ان کے اہل خانہ کی مناسب مدد دی جا رہی ہے۔ وہاں کی حکومت بھی ان کی مدد کر رہی ہے۔ ہمارے یہاں کے لوگ وہاں کام کرتے ہیں، انہیں مارا جا رہا ہے، یہ افسوسناک ہے۔ جیسے ہی انہیں اس واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر اس حوالے سے ہدایات دیں۔ حکومت اس حوالے سے پوری طرح محتاط ہے۔