ایشیا کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی: شاہ
ممبئی، اکتوبر ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے منگل کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور ٹورنامنٹ کا انعقاد کسی تیسرے مقام پرکیا جائے گا۔مسٹر شاہ نے یہاں بی سی سی آئی کی جنرل میٹنگ کے بعد کہا ’’ایشیا کپ 2023 کسی تیسرے مقام پر منعقد ہوگا۔ میں یہ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر کہہ رہا ہوں۔ ہم (ہندوستان) وہاں (پاکستان) نہیں جاسکتے ،وہ بھی یہاں نہیں آسکتے۔ ماضی میں بھی ایشیا کپ کسی تیسرے مقام پر منعقد ہو چکا ہے۔ اے سی سی نے ابھی تک اس معاملے پر بات نہیں کی۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے مطابق ایشیا کپ 2023 کے علاوہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی بھی کر رہا ہے جب کہ ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی ہندوستان کو کرنی ہے۔ شاہ کے بیان کا ان مقابلوں کے انعقاد پر اثر پڑ سکتا ہے۔ہندوستان نے 2006 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے پاکستان اور ہندوستان نے 2012 سے دو طرفہ کرکٹ بھی نہیں کھیلی ہے۔ 2022 کے ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آخری میچ اگست ستمبر میں کھیلا گیا تھا۔ دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں 23 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔