آگ کے واقعات کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کرنے کشن ریڈی کاالزام

حیدرآباد،مارچ۔مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے سکندرآباد کے سواپنا لوک کامپلکس کا معائنہ کیاجہاں پر آگ لگنے کے واقعہ میں 6افراد کی موت ہوگئی تھی۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کامپلکس میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کے مالکین کی لاپرواہی قابل مذمت ہے۔ وزیر موصوف نے ا س واقعہ کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس طرح کے واقعات کے نتیجہ میں غریب افراد کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)اور ریاستی حکومت ایسے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے۔ایسے واقعات کے اعادہ سے روکنے کیلئے ضروری آتش فرو آلات کی بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔ گوداموں، اسکرپ کی دکانات کی جانچ نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرناک گوداموں کو نواحی علاقوں میں منتقل کیا جائے،انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ فائربریگیڈس کے اہلکاروں کی کمی کو دورکیاجائے، ساتھ ہی محکمہ کو نئے آلات فراہم کئے جائیں۔ کشن ریڈی نے الزام لگایا کہ حکومت اپنی آمدنی میں اضافہ کے لیے غیرمجاز عمارتوں کو باقاعدہ بنانے کاکام کررہی ہے۔

Related Articles