آلودگی کنٹرول نہیں کرپارہے ہیں تو کیجریوال، مان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے: بی جے پی
نئی دہلی، نومبر۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں زہریلی دھند کے لئے آج عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی پنجاب حکومت اوروزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ مسٹر کیجریوال کی مجرمانہ لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’آج دہلی اور پنجاب کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ دہلی اور پنجاب کی ہواوں میں زہرہے، شرم کرواروند کیجریوال، یہ تمہارے نکمے پن کا قہرہے۔مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ آج دہلی کے ساتھ ساتھ پنجاب میں بھی مسٹر کیجریوال کی پارٹی کی حکومت ہے اور دونوں حکومتوں کی طرف سے مجرمانہ غفلت ناقابل معافی ہے۔ مسٹر کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال مسٹر اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ دہلی میں آلودہ ہوا پنجاب میں پرالی جلانے کا نتیجہ ہے۔ آج دہلی کے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اب پنجاب میں آپ کی ہی حکومت ہے تو اس کے بارے میں مسٹر کیجریوال کیا کر رہے ہیں۔ مسٹر کیجریوال کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ترجمان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مسٹر کیجریوال کو اپنے ریاستی فنڈ سے تمام سہولیات اور مشینیں فراہم کی ہیں، تاکہ پرالی جلانے کی آلودگی کم ہو اور ہوا زہریلی نہ ہو۔ لیکن 1 لاکھ 20 ہزار مشینیں ہونے کے باوجود پنجاب حکومت نے اسے استعمال نہیں کیا۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں مسٹر کیجریوال کو خط بھی لکھا لیکن پھر بھی مشینوں کا استعمال نہیں کیا۔ درحقیقت، انہیں ایکسائز کنٹریکٹ اور بس کی خریداری کے سودے نظر آرہے ہیں۔ جیلوں میں قیدی بھی کرپشن سے بچ نہیں پا رہے۔ بیت الخلاء میں کلاسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔مسٹربھاٹیہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے آلودگی کو روکنے کے لیے پنجاب کو 1350 کروڑ روپے اور ہریانہ کو 695 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔ ہریانہ میں آلودگی میں 33 فیصد کی کمی آئی ہے اور پنجاب میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ لیکن اے اے پی لیڈر گجرات اور ہماچل پردیش میں گھوم رہے ہیں۔ انہیں دہلی کے اپنے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کو ماحولیاتی رہنما خطوط کو نافذ کرنا چاہئے۔ پورے پنجاب میں پرالی جل رہی ہے اور مصنوعی سیٹلائٹ کی تصاویر میں صاف نظر آرہا ہے۔ یہ جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ وہ پھیپھڑوں کے سب سے بڑے دشمن بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’کیجریوال جی کا کرپشن فل ہے، جوابدہی گل ہے۔ کیجریوال جی آپ سے نہیں ہوپارہا ہے تو استعفیٰ دے دیجئے۔ لیکن لوگوں کی صحت سے کھلواڑ مت کیجئے۔