آسٹریلیا وائن اور شراب کے لیے ہندوستان پر منحصر: گوئل
لکھنؤ، فروری ۔ خوراک اور عوامی تقسیم کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ آسٹریلیا کے لوگ اب وائن اور شراب کے لئے ہندوستان پر منحصر ہیں۔ ورنداون یوجنا میں ‘یو پی گلوبل انویسٹرس سمٹ-2023’ کے دوران ‘شوگر انڈسٹری اور ایکسائز میں مواقع موضوع پر ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گوئل نے اتوار کو کہا کہ آسٹریلیائی اب وائن کے لیے ہندوستان پر انحصار کر رہے ہیں۔ غیر ملکی ہندوستان میں بنی شراب کو بہت پسند کررہے ہیں۔ انگور کے علاوہ آج ہندوستان 27 پھلوں سے وائن اور شراب بنا رہا ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ اتر پردیش کی شراب پالیسی کے تحت 30 دنوں میں لائسنس حاصل کرنے کا انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتر پردیش کی پالیسی کو دیگر ریاستوں میں نافذ کرنے کے لیے جلد ہی تمام ریاستوں کے ایکسائز کمشنروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اور وزیر داخلہ کے مشورے پر زمین، ریت اور شراب مافیا پر پابندی لگا کر اتر پردیش کی ترقی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ پچھلے چھ برسوں میں کووڈ کے باوجود اتر پردیش کا ایکسائز کلیکشن 14500 کروڑ روپے سے بڑھ کر 42500 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ جس طرح پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد اتر پردیش کی طرف متوجہ ہو رہی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کاروں کو نہ صرف اتر پردیش کی حکومت پر بلکہ یہاں کے لوگوں پر بھی بھروسہ ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے کہیں گے کہ وہ ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی تحقیق کے لیے ہندوستان سے باہر ایک ٹیم بھیجیں۔ مسٹر گوئل نے کہا کہ جس طرح سے ملک میں اسٹارٹ اپ کلچر میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے لیتھیم بحران اور دیگر مسائل کو ملک کے نوجوانوں کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔ پچھلے چھ برسوں میں ملک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد بڑھ کر 8277 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ترقی کی لہر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یوپی نے وزیر اعلی یوگی کی رہنمائی میں آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے اور اب یوپی کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یوپی کئی دہائیوں تک مرکز اور ریاست کی ڈبل انجن والی حکومت کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی میں ہندوستان کا درجہ بہتر ہوا ہے۔