او بی سی کمیونٹی کے خلاف راہل کا تبصرہ ذات پات کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے: نڈا
نئی دہلی، مارچ ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے دیگر پسماندہ ذاتوں (او بی سی برادری) کے بارے میں تبصرہ کے لئے جمعہ کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی تنقید کی اورکہا کہ او بی سی برادری کا چوروں سے موازنہ کرنا ان کی قابل رحم اور ذات پات کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔مسٹر نڈا نے ٹویٹ کیا، راہل گاندھی کی انا بہت بڑی اور سمجھ بہت چھوٹی ہے۔ اپنے سیاسی فائدے کے لیے انہوں نے پوری او بی سی برادری کی توہین کی۔ انہیں چور کہا۔ سماج اور عدالت کی طرف سے بار بار سمجھانے اور معافی مانگنے کے آپشن کو بھی انہوں نے نظر انداز کیا اور او بی سی کمیونٹی کے جذبات کو مسلسل ٹھیس پہنچائی۔انہوں نے کہا، کل سورت کی عدالت نے راہل کو او بی سی کمیونٹی کے تئیں ان کے قابل اعتراض بیان کے لئے سزا سنائی۔ لیکن راہل اور کانگریس پارٹی اب بھی اپنی انا کی وجہ سے مسلسل اپنے بیان پر قائم ہیں اور او بی سی برادری کے جذبات کو مسلسل ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔ پوری او بی سی برادری راہل سے اس توہین کا بدلہ جمہوری طریقے سے لے گی۔بی جے پی صدر نے کہا کہ مسٹر گاندھی کو حقائق سے ہٹ کر من گھڑت الزامات لگانے کی عادت ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے راہل نے رافیل کے نام پر ملک کو الجھانے کی کوشش کی۔ معزز سپریم کورٹ نے اس کے لیے سرزنش کی اور مسٹر گاندھی کو من گھڑت الزام کے لیے غیر مشروط معافی مانگنی پڑی۔ اس کے بعد چوکیدار چور ہے کا شور مچایا، جس پر میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی اعتراض کیا۔ اس نعرے پر عوامی عدالت نے مسٹر گاندھی کو 2019 کے انتخابات میں سخت سرزنش کی اور کانگریس کو بری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔