اوم برلا ایک روزہ دورے پر بھوپال پہنچے
بھوپال، مارچ۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اپنے ایک روزہ دورے پر آج صبح بھوپال پہنچے، جہاں راجہ بھوج ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا گیا۔اس موقع پراسمبلی کے اسپیکر گریش گوتم، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر وشنودت شرما، وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا ، کابینہ وزرا اور سینئر ایم ایل ایز بھی موجود تھے۔ مسٹر برلا یہاں اسمبلی کے مانسروور آڈیٹوریم میں اسمبلی کی جانب سے پارلیمانی تقسیم انعامات تقریب میں شرکت کریں گے۔اسمبلی کے اسپیکر مسٹر گوتم، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، قائد حزب اختلاف کمل ناتھ، پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر مشرا، ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین اور اسمبلی کے سابق اسپیکر ڈاکٹر سیتاشرن شرما، لوک سبھا کے جنرل سکریٹری اُتپل کمار سنگھ ، اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری اے پی سنگھ،کابینہ کے ارکان اور تمام ایم ایل ایز موجود رہیں گے۔بہترین وزیر، بہترین قانون ساز اوراسمبلی سکریٹریٹ کے بہترین افسران اور ملازمین بشمول پارلیمانی صحافت سے وابستہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو اعزاز سے نوازنے کے لیے پارلیمانی ایکسیلنس ایوارڈز کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سے قبل ایکسیلنس ایوارڈ سال 2008 میں تقسیم کیا گیا تھا۔