اننت ناگ کے ڈانگر پورہ میں آتشزدگی

کم سے کم 13 مکان اور10 دکان خاکستر

سری نگر، دسمبر ۔جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے ڈانگر پورہ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں کم سے کم 13 رہائشی مکان اور قریب 10 دکان خاکستر ہوگئے۔محکم فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ محکمے کی بروقت کارروائیوں سے کم سے کم 2 سو مکانوں کو خاکستر ہونے سے بچایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے ڈانگر پورہ علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمو دار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں ہی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بھجانے کی کوششوں میں جٹ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کم سے کم دس گیس سلینڈر پھٹ گئے جس سے آگ تیز تر ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ فائر ٹنڈرس اور مقامی لوگوں کی سخت محنت کے بعد گرچہ آگ کو قابو میں کر لیا گیا لیکن کم سے کم تیرہ مکانوں جو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے، اورقریب دس دکانوں کو خاکستر ہونے سے نہیں بچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیشتر مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ایک فائر فائیٹر زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ محکمے کی بروقت کارروائیوں سے کم سے کم 2 سو مکانوں کو خاکستر ہونے سے بچایا گیا۔

Related Articles