امت شاہ پڈوچیری پہنچے
پڈوچیری، اپریل۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اتوار کو پڈوچیری کے ایک روزہ دورے پر یہاں پہنچے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر تملسائی سندرراجن، وزیر اعلیٰ این۔ رنگاسامی، اسمبلی اسپیکر آر۔ سیلوم ، ان کے کابینہ کے ساتھیوں اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے مسٹر شاہ کا پڈوچیری ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔ مسٹرشاہ سیدھے بھرتیار میوزیم گئے اور وہاں سری اروبندو آشرم کا دورہ کیا۔ اس کے بعد وہ پانڈیچیری یونیورسٹی کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ سنت اور فلسفی سری اروبندو کے 150ویں یوم پیدائش کی تقریبات کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ گورنر ہاؤس میں دوپہر کے طعام اور آرام کے بعد کمبن کلائی ارنگم میں ایک سرکاری تقریب میں حصہ لیں گے، جہاں وہ اسمارٹ سٹی کے پروجیکٹ کے تحت متعدد پروجیکٹ اور پانڈیچیری یونیورسٹی کی تین تعلیمی عمارتوں کی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنان سے مخاطب ہوں گے۔ اس دوران ان کے ذریعہ کچھ اہم ہستیوں کو پارٹی میں شامل کرنے کا بھی امکان ہے۔ اس کے بعد وہ چنئی روانہ ہو جائیں گے۔