ارجیت سنگھ ملک کی شان اور بنگال کا فخر ہے:ممتا
گلو گار ارجیت سنگھ کے مرشدآباد میں اسپتال بنانے کے منصوبے میں ممتا بنرجی کا مدد کرنے کا اعلان
کلکتہ ,نوری ۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج مرشدآباد میں منعقد میٹنگ میں بالی ووڈ کے نوجوان گلوگار ارجیت سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ مرشدآباد میں ایک اسپتال بنانا چاہتے ہیں میں ارجیت سنگھ سے کہتی ہوں کہ آپ بنگال کی شان اور فخر ہیں، آپ اسپتال بنانے کے متمنی ہیں، میں آپ کی مدد کرنے کو تیار ہوں۔گزشتہ مہینے کلکتہ میں منعقد فلم فیسٹول میں ارجیت سنگھ نے شرکت کی تھی اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی۔اس موقع پر انہوں نے ممتا بنرجی کی موجودگی میں ”رنگ دے تو موہے گیروا“گایاتھا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پنچایتی انتخابات سے قبل بدھ کو مرشد آباد کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے ساگردیگھی میں تقریباً12.30بجے ایک انتظامی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں ممتا نے ضلع کی ترقی سے متعلق کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے ساتھ مرکزی حکومت کے خلاف سخت تنقید کی۔مرشدآباد کی ترقی کی بات کرتے ہوئے گلوکار ارجیت سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مرشد آباد ضلع کا بیٹا اریجیت بہت اچھا گاتا ہے، آج پوری دنیا کو فخر ہے۔ ارجیت نے مجھے بتایا، دیدی میں جنگی پور میں ایک اسپتال بنانا چاہتا ہوں۔ آج میں یہاں کھڑی ہو کر کہہ رہی ہوں، تم بناؤ۔ ہسپتال کرو، جنگی پور میں کرو یا مرشد آباد میں، میں تمہاری ہر ضرورت میں مدد کروں گیاس کے بعد ممتا نے ارجیت سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ارجیت دھرتی کا بیٹا ہے۔ایک ایسا شخص ہے جو زمین پر چلتا ہے، آپ دیکھیں، اس کے پاس کوئی گھمنڈ نہیں ہے، اس کی اپنی خوبی اس کا سب سے بڑا فخر ہے، زیور ہے۔ ہم جو کچھ کریں گے وہ کریں گے۔ گزشتہ دسمبر میں، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کلکتہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے اسٹیج پر ستاروں کی ایک محفل سجائی تھی۔ ایک طرف امیتابھ بچن، دوسری طرف شاہ رخ خان، رانی مکھرجی موجودتھیں۔ اسٹیج پر وزیر اعلیٰ نے ارجیت سے گانے کی درخواست کی۔ ارجیت نے کئی دوسرے گانوں کے ساتھ شاہ رخ کا مشہور گانا’رنگ دے تو موہے گیروا’بھی گایا۔تاہم اس کے بعد ہی ایکو پارک میں ارجیت سنگھ کا ایک شو منسوخ ہوگیاتھا۔اس کے بعد اپوزیشن لیڈروں نے یہ شکایت کی تھی کہ بنگالی گلوکار کو ممتا کے سامنے اسٹیج پر کھڑے ہو کر ”گیروا“ گانے پر وزیر اعلیٰ کے غصے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے بھی اس بارے میں ٹویٹ کیاتھا۔تاہم ترنمول کانگریس نے کہا تھا کہبی جے پی کے الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ تکنیکی وجوہات کی بنا پر ارجیت کا شو منسوخ کر دیا گیاہے۔ اب ممتا بنرجی نے ارجیت سنگھ کی تعریف اور اسپتال بنانے میں مدد کرنے کا اعلان کرکے بی جے پی کو بیک فورڈ پر ڈھکیلنے کی کوشش کی ہے۔