احمد نگر کے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی ،10 مریض ہلاک
احمد نگر، نومبر۔ مہاراشٹر کے احمد نگر کے سول اسپتال میں آج لگنے والی زبردست آگ میں کم از کم دس مریض ہلاک اور دس سے زیادہ زخمی ہوگئے۔اسپتال کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں صبح تقریباً 11.30 بجے آگ لگی اور تیزی سے پورے کمرے میں پھیل گئی۔بتایا جا رہا ہے کہ کمرے میں تقریباً 20 کووڈ مریض داخل تھے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ بجھانے اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی مریضوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔مہاراشٹر حکومت کے وزیر حسن مشرف نے کہا کہ اس واقعہ میں دس افراد کی المناک موت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اگر غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے مسٹرمشرف احمد نگر کے سرپرست وزیر ہیں۔