ہندوستان کی جامع ثقافت کیخلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی: نقوی
نئی دہلی، جنوری۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستان کی ’جامع ثقافت‘ کے خلاف کوئی بھی ’سائبر مجرمانہ فرقہ وارانہ سازش‘کامیاب نہیں ہوگی۔آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا ایپ پر مرکزی حکومت کی کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں خواتین کے خلاف ’مجرمانہ فرقہ وارانہ سازش‘ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ اس طرح کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایسے لوگ جلد ہی بے نقاب ہوں گے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ایسے کچھ شر پسند لوگ وقتاً فوقتاً ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے سازشی کوششیں کرتے ہیں، لیکن ہندوستان کی بھرپور جامع ثقافت اور رسم وروایات ایسی سازشی سنڈیکیٹ کو کامیاب نہیں ہونے دیتیں۔