منڈاویا نے انتخابی ریاستوں میں کووڈ ویکسینیشن پر زور دیا
نئی دہلی، جنوری۔صحت و خاندانی فلاح وبہبود کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویا نے اتوار کو پولنگ والی ریاستوں میں جلد کووڈ ویکسینیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اومیکرون سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں کی جانی چاہئے۔تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستون کے وزرائے صحت اور ہیلتھ سکریٹریوں کے ساتھ ایک آن لائن جائزہ میٹنگ میں مسٹرمنڈاویا نے کہا کہ کووڈ کے خلاف ایک مضبوط لڑائی لڑی گئی ہے اور ان تجربات کا استعمال اومیکرون ویرینٹ کے خلاف کوششوں پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت صحت کی سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کے لیے مالی امداد فراہم کر رہی ہے، اس کا استعمال ہونا چاہیے۔مسٹر منڈاویا نے کہا کہ کووڈ ٹیسٹ، ٹریک، علاج، ویکسینیشن اور مناسب رویے کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کا ضلع کے لحاظ سے اندازہ لگایا جانا چاہیے اور کووڈ کے ٹیکے لگائے جانے چاہیے۔ انہوں نے اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب، گوا اور منی پور میں ویکسینیشن کی تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر اس کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔جائزہ اجلاس میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملوں اور 15-18 سال کی عمر کے گروپ کے لیے ویکسینیشن اور دیگر زمروں کے لیے اضافی خوراکوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں شریک ریاستوں کے وزراء میں ناگالینڈ کے ایس پنگنیو فوم، اڈیشہ کے این کے داس، مدھیہ پردیش کے ڈاکٹر پربھورام چودھری، تمل ناڈو کے ما سبرامنیم، آسام کے کیشب مہانتا، ہریانہ کے انل وج، دہلی کے ستیندر جین، اروناچل پردیش کے آلو لبانگ، جھارکھنڈ کے بننا گپتا، بہار کے منگل پانڈے، چھتیس گڑھ کے ٹی ایس سنگھ دیو اور مغربی بنگال کے چندریما بھٹاچاریہ نے حصہ لیا۔مرکزی وزیر صحت نے بتایا کہ اومیکرون ویریئنٹ انتہائی تیز ہونے سے طبی نظام پر اثرڈال سکتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے انہوں نے ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے انتظام کے لیے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر کام کرنے کے لیے اپنی ٹیم کو دوبارہ فعال کریں اور نگرانی اور کنٹرول کے طریقہ کار کو مضبوط کریں۔ملک میں 90 فیصد اہل آبادی کو کووڈ ویکسین کی فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے ان ریاستوں پر زور دیا جن کی حفاظتی ٹیکے دینے کی کارکردگی قومی اوسط سے کم ہے، اپنی ویکسینیشن مہم کو تیز کریں۔ انہوں نے قومی ویکسینیشن مہم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے زیادہ وسیع ویکسی نیشن مہم ہے۔