ممتا بنرجی کے اترپردیش میں مہم چلانے سے بی جے پی کو ہی فائدہ ہوگا
کلکتہ جنوری ۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے اترپردیش میں انتخابی مہم چلانے کے فیصلے پر طنز کرتے ہوئے بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ اترپردیش میں بنگال جیسے حالات نہیں۔ ممتا بنرجی کو وہاں جانے کی آزادی ہے مگر اترپردیش کے عوام ممتا بنرجی کی ہندی سمجھ نہیں سکیں گے۔ انہیں مترجم رکھنا ہوگا۔خیال رہے کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظراکھلیش یادو کے نمائندے کرن موئے نندا نے کل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے کے بعد کہا تھا کہ ممتا بنرجی اکھلیش یادوکی حمایت کریں گی اور اترپردیش میں انتخابی مہم چلائیں گی۔شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ اتر پردیش میں کوئی بھی وزیر اعلیٰ کی طرف سے بولی جانے والی ہندی کو نہیں سمجھ پائے گا۔ کسی مترجم کی مدد لینے سے تھوڑا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ”اگر ممتا بنرجی اتر پردیش جاتی ہیں تو بی جے پی کو ہی فائدہ ہوگا۔ اتر پردیش میں بی جے پی بہت مضبوط ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اتر پردیش جا سکتی ہیں۔ بی جے پی انہیں کہیں پر نہیں روکے گی۔ بی جے پی وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کو اتر پردیش میں اترنے سے نہیں روکے گی۔سماج وادی پارٹی کے نائب صدر کرنموئے نندا نے کہا کہ 8 فروری کو ممتا اور اکھلیش کے درمیان ایک ورچوئل مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔ ترنمول لیڈر اتر پردیش انتخابات سے پہلے نریندر مودی کے لوک سبھا حلقہ وارانسی بھی جائیں گے۔ وارانسی میں ممتا اور اکھلیش یادو کے درمیان ورچوئل میٹنگ بھی ہوگی۔ تاہم ترنمول کانگریس اتر پردیش میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔ شوبھندو ادھیکاری نے کہاکہ کرنموئے نندا اب سیاست میں غیر متعلق ہوچکے ہیں۔