مانڈویا نے ’اطفال ٹیکہ کاری مرکز ‘ کا دورہ کیا
نئی دہلی، جنوری۔مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود منسکھ مانڈویا نے پیر کو ایک اطفال ٹیکہ کاری مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔مسٹر مانڈویا صبح نئی دہلی کے رام منوہرلوہیااسپتال پہنچے اور بچوں کی ٹیکہ کاری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیکہ کاری کے لیے آنے والے بچوں اور ان کے والدین، ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر بچوں کے ساتھ بات چیت کی اورٹیکہ کاری کے بارے میں ان کی آراء حاصل کیں۔بعد میں انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ملک بھر میں اپنے نوجوان دوستوں کو ویکسین لگوانے کے بعد تصاویر شیئر کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ یہ پورے ہندوستان کو متاثر کرتا ہے۔ مرکزی وزیر نے اروناچل پردیش کے پاپم پارے ضلع میں دوئی مکھ کی دو نوعمر لڑکیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوان دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد ٹیکے لگوائیں اور دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری کو مضبوط بنائیں۔مسٹر مانڈویانے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج سے ملک بھر میں 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں مودی جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے نوجوان ہندوستان کو کورونا سے تحفظ فراہم کیا۔