لالو زندگی کے بڑے فیصلے کا سامنا کرنے کےلئے رانچی روانہ
پٹنہ،فروری۔راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی) صدر لالو پرساد یادو مشہور چارہ گھپلے کے ایک معاملے میں اپنی زندگی کے ایک بڑے فیصلے کا سامنا کرنے کےلئے آج رانچی روانہ ہوگئے۔مسٹر یادو اتوار کو یہاں کے جےپرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کےلئے روانہ ہوگئے۔مسٹر یادو کے ساتھ ان کی بڑی بیٹی راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی،پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق وزیر شیام رجک اور قومی جنرل سکریٹری بھولا یادو بھی ساتھ گئےہیں۔آر جے ڈی صدر تقریباً دس ماہ بعد آج رانچی کےلئے روانہ ہوئے ہیں۔منگل کو چارہ گھپلے سے جڑے ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی طورپر پیسے نکالنے کے معاملے میں ہونے والے فیصلے کے دوران وہ عدالت کے سامنے حاضر رہیں گے۔آر جے ڈی صدر گزشتہ سال 30 اپریل کو جیل سے باہر آئے تھے،جس کے بعد سے ہی وہ نئی دہلی میں اپنا علاج کرا رہے تھے۔