سنجے نے شادی کی سالگرہ پر اہلیہ کے فٹ مساج کی ویڈیو شیئر کردی
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے سپر اسٹار اور کئی کامیاب فلموں کے ہیرو سنجے دت عرف منا بھائی فلموں کے ساتھ اصل زندگی میں عجیب و غریب طریقے اختیار کرنے کے لیے مشہور ہیں۔اس مرتبہ انھوں نے اپنی شادی کی 14 سالگرہ مناتے ہوئے اپنی اہلیہ منایاتا دت (منایاتا دلنواز شیخ) کو فٹ مساج دینے کے ساتھ ایک خوبصورت سی پوسٹ پر مبنی پیغام بھی شیئر کیا ہے۔ان کے اس دلچسپ انداز پر ان کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر تحریر کیا، لگے رہو منا بھائی۔یاد رہے کہ سنجے دت اور ان کی اہلیہ آج اپنی شادی کی 14ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ اس موقع پر سنجے دت نے ویڈیوز اینڈ فوٹوز شیئرنگ ایپ پر اہلیہ کے فٹ مساج کی ویڈیو شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید کرتے میں ملبوس سنجو بابا اپنی اہلیہ کا بڑی جانفشانی کے ساتھ فٹ مساج کررہے ہیں۔جبکہ اس میں منایاتا دت نے تحریر کیا کہ میرے تمام اچھے دن وہ ہیں جو آپکے ساتھ بیتے ہیں، آپ کے لیے ساری محبتیں۔ شکریہ۔ دونوں کے اس پیار بھرے انداز پر ان کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر اپنے محبت بھرے پیغامات کی بھرمار کردی۔ایک فین نے لکھا بابا مہربان دل رکھنے والے انسان ہیں، ایک اور نے کہا بہت عمدہ یہ لیجنڈ ہیں جبکہ ایک اور نے ان کی مشہور فلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا لگے رہو منا بھائی۔ یاد رہے کہ 2020 میں سنجے دت کینسر میں مبتلا ہوگئے تھے، اس موقع پر دوران علاج ان کی اہلیہ ان کے لیے عزم و ہمت کا سبب بنیں۔ دونوں کے جڑواں بچے 11 سالہ شاہ ران اور اقرا ہیں، جبکہ سنجے دت کی اپنی پہلی شادی (ریچا شرما) سے ایک 34 سالہ بیٹی تریشالہ دت ہیں۔