ریاستی وزیر فرہاد حکیم نے سڑک حادثہ میں زخمی ٹوٹو ڈرائیور کی فوری طور پر مددکی
کلکتہ،فروری ۔مغربی بنگال کے وزیر اور ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر فرہاد حکیم جو مالدہ سے شمالی دیناج پور جارہے تھے کے قافلے کے سامنے ٹوٹو گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی۔ریاستی وزیر فرہادحکیم اپنی گاڑی کو روک کر ٹوٹو گاڑی کو سیدھا کرایا اور اس کے بعد زخمی ڈرائیور کو اسپتال پہنچوانے کی کوشش کی۔ریاستی وزیر کے انسانیت نواز قدم کی مقامی لوگوں نے تعریف کی۔ان کے ساتھ قافلے میں ممبر اسمبلی مشرف حسین بھی تھے۔مالدہ سے میٹنگ کے بعد ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ اور کولکاتا میونسپلٹی کے میئر فرہاد حکیم انتخابی ریلی میں شرکت کے لیے شمالی دیناج پور ضلع کے کالیا گنج جارہے تھے۔ ان کا قافلہ روا ں دواں تھا ہی کہ ریاستی وزیر کی گاڑی کے سامنے ایک ٹوٹو الٹ گیا۔ حادثے کے فوری بعد وزیر خود گاڑی سے باہر نکلے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔انہوں نے اور ان کے سیکورٹی گارڈ نے ٹوٹوکو پہلے سیدھا کیا اور شدید زخمی ٹوٹو ڈرائیور کو بچایا۔ وزیر کی ہدایت پر زخمی ٹوٹو ڈرائیور کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تمام مقامی لوگوں نے تالیاں بجا کر ریاستی وزیر کا خیرمقدم کیا۔دریں اثنا فرہاد نے واضح کیا کہ پارٹی سے وابستہ کوئی بھی لیڈر اور کارکن پارٹی یا میونسپلٹی انتخابات میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی پارٹی سے وابستہ رہا ہے اور ٹکٹ نہیں ملنے کی وجہ سے انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں تو فوری اپنی امیدواری واپس لے لیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس کے بعد بھی ایسا نہیں کریں گے ان کے خلاف پارٹی سخت کارروائی کرے گی۔