راہل گاندھی نے کانگریس امیدواروں کے ساتھ گولڈن ٹیمپل میں ماتھا ٹیکا
امرتسر، جنوری ۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مشن پنجاب کا آغاز جمعرات کو گولڈن ٹیمپل میں ماتھاٹیک کرکیا۔ ان کے ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی، ریاستی کانگریس صدر نوجوت سدھو اور کانگریس کے اسمبلی انتخابات کے امیدوار بھی تھے۔مسٹر گاندھی نے پارٹی امیدواروں کے ساتھ گولڈن ٹیمپل میں ‘لنگر’ چکھا۔ انہوں نے جلیانوالہ باغ میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور یہاں سے درگاینا مندر اور بھگوان والمیکی تیرتھ استھل کے لیے روانہ ہوئے۔ ریاست میں قیادت کی تبدیلی کے بعد مسٹر گاندھی کا یہ پہلا دورہ ہے۔امرتسر کے بعد کانگریس لیڈر سڑک کے ذریعے 100 کلومیٹر دور جالندھر جائیں گے۔ جالندھر کے میٹھا پور سے، وہ شام کو دہلی واپس آنے سے پہلے دوپہر میں نوی سوچ- نوا پنجاب (نئی سوچ نیا پنجاب) کے نام سے منعقدہ ایک ورچوئل ریلی سے خطاب کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے جسمانی ریلیوں اور روڈ شو پر31 جنوری تک پابندی لگا دی ہے۔ پنجاب میں 20 فروری کو پولنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو اور نائب وزیر اعلی سکھجندر سنگھ رندھاوا اور او پی سونی نے مسٹر گاندھی کا دہلی سے آمد پر امرتسر ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔ کانگریس نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے 109 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ آٹھ نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونا باقی ہے۔