حکومت کم از کم امدادی قیمت پر کمیٹی بنانے کے لئے پرعزم: تومر
نئی دہلی، فروری ۔ حکومت نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے وعدے کے مطابق کسانوں کو انکی فصلوں کے لئے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) دینے کے معاملے پر کمیٹی قائم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات مکمل ہونے کے بعد یہ کمیٹی قائم کردی جائے گی۔وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وزیراعظم نے تینوں نئے زرعی قوانین واپس لینے کے وقت کسانوں سے ایم ایس پی کے معاملہ پر کمیٹی قائم کرنے کے لئے کہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملہ پر وزارت میں کام چل رہا ہے۔ اسی درمیان حکومت نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے مدنظر الیکشن کمیشن سے بھی رائے مانگی اور کمیشن نے کہاکہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد یہ کمیٹی قائم کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس بارے میں مکمل طورپر پرعزم ہے اور اس پر کام چل رہا ہے۔اس سے پہلے زراعت کے وزیر مملکت کیلاش چودھری نے کہاکہ کسانوں کو سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کے مطابق فصلوں کا ایم ایس پی دیا جارہا ہے اور کچھ فصلوں کے معاملہ میں یہ لاگت ڈیڑھ گنا اور کچھ معاملات میں اس سے بھی زیادہ ہے۔