حکومت ایک لاکھ ’آپدا متر‘ بنائے گی: شاہ
نئی دہلی ، ستمبر۔مرکزی وزیر داخلہ وزیر امیت شاہ نےقدرتی آفات کی وجہ سے صفر نقصان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہدف کو دہراتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ ’آپدا متر‘ منصوبے کے تحت 350 اضلاع کے ایک لاکھ نوجوانوں کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔ تاکہ وہ فوری طور پر لوگوں کی مدد کر سکیں۔مسٹر شاہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے 17 ویں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ تجرباتی بنیادوں پر 5500 آپدا متر اور اتنی ہی تعداد میں آپدا سکھیوں کو تربیت دی گئی ہے۔ اس کے نتائج تسلی بخش آنے کے بعد ، مرکزی حکومت نے 350 آفت متاثرہ اضلاع میں گاؤں کی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی مدد کرنے والے ان آپد متروں کو مناسب تربیت کے بعد ان کا لائف انشورنس کرایا جائے گا تاکہ وہ اور ان کے خاندان بے فکر رہیں اور لوگوں کی مدد کرسکیں۔انہوں نے کہا’’ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا نظام ایسا ہونا چاہیے کہ چاہے کتنی ہی شدید آفت کیوں نہ آئے، ایک شخص کی بھی جان نہ جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ ہدف ہم سب کے سامنے رکھا ہے ۔ اسی کے تحت گاؤں گاؤں تک ڈیزاسٹر پروٹیکشن سسٹم کی تیاری کے منصوبے کو علمی جامہ پہنایا جارہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگوں میں جذبے پیدا ہو، اس کے لئے پرائمری اور سیکنڈری کلاسوں کے نصاب میں قدرتی آفت کا کورس شامل کیا گیا ہے۔شمال مشرقی ریاستوں کے اسکولوں میں اسے پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور آنے والے وقت میں اسے ملک کے تمام اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا۔