حجاب معاملے پر مہاراشٹرا میں ردعمل ظاہر کرکے سماج دشمن عناصر کو موقع فراہم نہ کریں وزیرداخلہ
ممبئی ،فروری۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے آج یہاں ریاست کی عوام سے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ کرناٹک میں حجاب پہننے پر ہوئے تنازعے کے معاملے میں ریاست کے پرامن و امان کو خراب کرنا درست نہیں ہے نیز اس پر ردعمل ظاہر کرکے سماج دشمن عناصر کو موقع فراہم نہ کیا جائے- انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر میں اس طرح کے معاملات پر غیر ضروری احتجاج نہ کریں اور امن قائم رکھے ۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس طرح کے مسائل پر غیر ضروری احتجاج نہ کریں۔ یہ واقعہ کسی دوسری ریاست میں ہوا ہے، ہمیں اس پر یہاں احتجاج نہیں کرنا چاہیے۔ میں عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں ، وزیر داخلہ نے یہ بیان ریاست کے بیڑ نامی مقام پر گزشتہ دنوں مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے حجاب تنازعہ پر کئے گئے احتجاج کی روشنی میں جاری کیا-اسی درمیان ذرائع نے بتایا کہ ممبئی پولیس کی اسپیشل برانچ کے افسران علماء کرام ائمہ مساجد اور مسلم سیاسی قائدین سے رابطے بنائے ہوئے ہے اور وہ ان سے مہاراشٹرا میں کرناٹک کے واقعہ پر ردعمل ظاہر نہ کرنے کی مسلمانوں سے اپیل کرنے کی درخواست کر رہے ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ کل نماز جمعہ کے پیش نظر مساجد کے اطراف اور مسلم علاقوں میں واقع میدانوں پر بھی نظر رکھی جائے گی تاکہ حجاب پر ہونے والے معاملے پر بروقت کاروائی کی جاسکے ۔