جموں و کشمیر کو غریبی اور بھوکمری سے آزاد کرنا چاہتے ہیں: نتن گڈکری
سری نگر، ستمبر۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت جموں و کشمیر کو غریبی اور بھوکمری سے آزاد کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اچھا روڈ انفراسٹرکچر مل جائے گا تو یہاں کی غریبی از خود دور ہو جائے گی کیوں کہ صنعتیں قائم ہوں گی اور سیاحت کو بڑھاوا ملے گا۔نتن گڈکری نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشن کنونشن کمپلیکس میں 3612 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے چار قومی شاہراہ پروجیکٹوں کی شروعات یا تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: جموں و کشمیر کو اچھا روڈ انفراسٹرکچر مل جائے گا تو یہاں کی غریبی از خود دور ہو جائے گی۔ سڑکوں سے ترقی آتی ہے۔ انڈسٹریاں آتی ہیں۔ سڑکوں کی وجہ سے ہی سیاحت بڑھتی ہے۔ سیاحت سے روزگار ملتا ہے اور روزگار ملنے سے غریبی دور ہوتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا: وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت والی مرکزی حکومت جموں و کشمیر کو غریبی اور بھوکمری سے آزاد کرنا چاہتی ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ جموں – سری نگر قومی شاہراہ وادی کشمیر کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے اور مجھے اس کی تعمیر میں تاخیر پر دکھ ہے۔انہوں نے کہا: میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ دو سال کے اندر جموں سے سری نگر کا سفر تین گھنٹے میں ہو گا۔ اس 230 کلو میٹر طویل پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔ ادھم پور سے بانہال تک کے 60 کلو میٹر پر کام دسمبر 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا ۔نتن گڈکری نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ رنگ روڈ سری نگر کے لئے زمین کی حصولی کا کام صد فیصد مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا: اس کام کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ان کی انتظامیہ شاباشی کی مستحق ہے۔ اس زمین کے عوض اب ہم 400 کی بجائے 1200 کروڑ روپے دے رے ہیں۔ ہمیں اس بات کا کوئی دکھ نہیں ہے کہ ہمیں اضافی پیسے دینے پڑے ہیں ۔نتن گڈکری نے کہا کہ اس رنگ روڑ کا یہاں کی سیاحت میں ایک بڑا کنٹریبوشن ہو گا۔انہوں نے کہا: یہ چار گلیاروں والا 42 کلو میٹر طویل رنگ روڈ 3 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گا۔ اس پر کام اگست 2021 میں شروع ہوا ہے اور ہم نے اس کام کو دسمبر 2023 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔مرکزی ٹرانسپورٹ وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سڑک پروجیکٹ شروع کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو کام ملے۔انہوں نے کہا: سیاحت ایسا شعبہ ہے جس میں کیپٹل انویسٹمنٹ کی شرح 48 فیصد ہے۔ اس شعبے کو فروغ دینے سے غریبی دور ہو گی۔ لوگوں کو روزگار ملے گا ۔نتن گڈکری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت ٹرانسپرینٹ، ٹائم بائونڈ اور کرپشن فری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: میرے پاس ملنے کے لئے کوئی ٹھیکے دار نہیں آتا ہے۔ میں ملوں گا بھی نہیں۔ معیار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں۔ گلمرگ روڈ بنانے والے ٹھیکے دار نے بہت اچھی سڑک بنائی ہے۔ اگر کوئی ٹھیکے دار اچھے سے کام نہیں کرے گا تو میں اس کی دھلائی کرنے کے لئے آگے پیچھے نہیں دیکھوں گا ۔