جزوی لاک ڈائون میں سیلون، بیوٹی پارلر کھولنے کی اجازت
کلکتہ,جنوری۔ سیلون، بیوٹی پارلر مالکان کی درخواست کے بعد مغربی بنگال حکومت نے 50فیصد صلاحیت کے ساتھ سیلون، بیوٹی پارلر کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔ہفتہ کو جاری نوٹیفکیشن میںکہا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف حصوں میں چھوٹے اور بڑے سیلون اور بیوٹی پارلر کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئےرات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی ۔ریاست میں تقریباً 10 لاکھ افراد سیلون اور بیوٹی پارلر کے کام سے وابستہ ہیں۔گزشتہ اتوار کو ریاستی حکومت کی جانب سے چیف سکریٹری ہری کرشنا دویدی نےریاست میںکورونا وبا کے کیسوں میں اضافے کےبعد کچھ پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں جم، سوئمنگ پول کے ساتھ ساتھ بیوٹی پارلر اور سیلون کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔اس کے بعد سے ہی بیوٹی پارلر اور سیلون بند ہے۔اس پیشے سے وابستہ افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے متعلقہ پیشوں سے وابستہ افراد نے اس پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی کہ سیلون اور بیوٹی پارلر کو کورونا قوانین کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے بعد ہی ریاستی حکومت نے ہفتہ کو فیصلہ کیا ہے کہ سیلون اور بیوٹی پارلر قواعد کے مطابق 50 فیصد صارفین کے ساتھ رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس پیشہ سے وابستہ افراد کو کورونا کی دونوں خوراک لینی ہوگی ۔اس کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا اور صارفین کے درمیان فاصلاتی اصولوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔