ترقی پسند بجٹ سے ملک کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی : بی جے پی
نئی دہلی ، فروری ۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے عام بجٹ کو مستقبل پرمبنی، ترقی پسند اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا ۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے رکن کے سی رام مورتی نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ پر ایوان میں نامکمل رہی بحث میں جمعہ کے روز حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عوامی بہبود کی پالیسیوں پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے چیلنجز سے نبردآزما ہوتے ہوئے حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے ، وہ مستقبل پر مبنی ، ترقی پسند اور عوام دوست ہے اور اس سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے بجٹ میں کرپٹو کرنسی کے ضابطے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صورتحال واضح ہو جائے گی اور لوگ شک وشبہات کی حالت میں نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملک میں دفاعی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کو بڑھانے اور دفاعی شعبے میں ملک کو خود کفیل بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تیلگو دیشم پارٹی کے کنکمیدلا رویندر کمار نے کہا کہ بجٹ میں صحت کے لیے مناسب التزامات نہیں کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دینے کے مطالبہ پر ہمدردی اور سنجیدگی سے غور نہیں کیا جا رہا ہے۔ آندھرا پردیش کی برسراقتدار حکومت پر مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے ان کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ مسٹر کمار کی تقریر کے ساتھ ہی عام بجٹ پر بحث مکمل ہو گئی ہے اور تمام پارٹیوں کے 42 ارکان نے ایوان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے ۔