بی ایس ایف کے مسئلے پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایاجاسکتا ہے:چنّی
چنڈی گڑھ ،اکتوبر ۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے مرکز کی جانب سے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کادائرہ بڑھانے جانے کے فیصلے کو غلط قراردیتے ہوئے کہاکہ اس معاملے میں کل جماعتی میٹنگ بلانے کے علاوہ اسمبلی کاخصوصی اجلاس طلب کیا جاسکتا ہے۔ .انہوں نے مرکز سے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی رضامندی کے بغیر اس طرح کے حساس موضوع پر فیصلہ کرنا سراسر غلط ہے۔ ویسے بھی ہم امن و امان کو برقرار رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ویسے بھی یہ ایک ریاستی موضوع ہے۔ مرکز کا بی ایس ایف کے دائرہ اختیار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو اس معاملے میں کل جماعتی میٹنگ بھی بلائی جائے گی۔اور اس بار ودھان سبھا کا خصوصی سیشن بھی بلائیں گے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اس حساس مسئلے پر اشتعال انگیز بیانات نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک سرحدی ریاست ہے اوراس سے ملک کا اتحاداور سالمیت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے اکالی دل کے صدر سکھبیر بادل سے اس بارے میں کوئی اشتعال انگیز بیان نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دہشت گردی کاسیاہ دور جھیل چکا ہے جس میں کتنے لوگوں کی جانیں گئی تھیں اور پنجاب ترقی کی دوڑ میں اتنا پیچھے رہ گیا کہ اب تک اس خلاء کو پرنہ کرسکا۔ اس کے لئے اکالی دل ہی ذمہ دارتھا۔ مسٹرچنی نے کہا کہ میں نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرکے اپیل کی تھی کہ مرکز کے کسی قدم سے پنجاب کے بھائی چارے پر آنچ نہ آئے۔ پنجاب میں امن کی فضا بڑی مشکل سے لوٹی ہے۔