بھاگوت کے تریپورہ دورے کے سلسلے میں سکیورٹی کے پختہ انتظام
اگرتلا، جنوری۔ تریپورہ میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے پیر سے مجوزہ دورے کے سلسلے میں سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر بھاگوت تنظیم سے متعلق کاموں سے منی پور کے دارالحکومت امپھال سے پیر کی شام ریاست کے تین روزہ دورے پر یہاں پہنچیں گے۔ان کے دورے کے پیش نظر پورے کھیئرپور بائی پاس رود پر سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔موصول اطلاع کے مطابق تریپورہ کے وزیراعلی وپلو کمار دیو بھی ڈاکٹر بھاگوت کے ساتھ سیوادھام آسکتے ہیں۔اس کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) اور دیگر تنظیموں کے رہنما بھی یہاں آسکتے ہیں۔وشو ہندو پریشد یا ونواسی کلیان آشرم نے اب تک کئی رہنماؤں کو سنگھ سربراہ سے ملنے کا وقت دیا ہے۔ذرائع نے کہا،’’مسٹر بھاگوت کے اس سفر کا سیاست یا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔یہ پوری طرح سے آر ایس ایس کا تنظیمی پروگرام ہے۔وہ یہاں تنظیم کا جائزہ لیں گے اور تریپورہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کے مستقبل کے منصوبوں کے سلسلے میں آر ایس ایس کے منتخبہ عہدے داروں سے بات چیت کریں گے۔‘‘واضح رہے کہ ڈاکٹر بھاگوت گزشتہ ہفتے انتخابی ریاست منی پور کے چار روزہ دورے پر تھے اور آج سے تریپورہ کے تین روزہ دورے پر رہیں گے۔ تریپورہ کا تین روزہ دورہ ختم کرنے کے بعد27 جنوری کو وہ آسام کے دو روزہ دورے پر شلچر روانہ ہوجائیں گے۔مسٹر بھاگوت کا یوم جمہوریہ پر کچھ منتخبہ جنوبی حامی دانش وروں ،میڈیا اور قبائلی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کرنے کا پروگرام ہے۔